اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی وزیرخزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ہم سب نبی آخری الزمان کے غلام ہیں،یہ ہو نہیں سکتا کہ ناموس رسالت کے قانون میں کسی قسم کی تبدیلی کی جائے،ہم پاکستان کو اسلام کا قلعہ بنائیں گے ،یہ ملک خدا کی امانت ہے اس سے جس نے بھی غداری کی اس کا انجام بھیانک ہوا۔وہ ہفتہ کویہاں گولڑہ شریف میں تحفظ ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہاکہ پیر مہر علی شاہ نے ختم نبوت کو ثابت کرکے دکھایا،
حضرت محمدﷺپر خدا اور اس کے فرشتے بھی درود بھیجتے ہیں اور ہم سب نبی آخری الزماں کے غلام ہیں۔اسحاق ڈار نے کہا کہ ناموس رسالت کے قانون میں کسی بھی قسم کی کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی،پاکستان کلمہ کی بنیاد پر وجود میں آیا،ملک سے جس نے بھی غداری کی ان کاانجام بھیانک ہوا،یہ ملک خدا اور اس کے رسولﷺکی امانت ہے،حضورﷺفرماتے تھے کہ اس خطے کی طرف سے مجھے ٹھنڈی ہوا آتی ہے۔وزیرخزانہ نے کہاکہ پاکستان سے غداری کرنے والے ذلیل اور رسوا ہوئے،پاکستان کو دولخت کرنے والوں کا بھی بھیانک انجام ہوا،ہم پاکستان کو اسلام کا قلعہ بنائیں گے۔انہوں نے کہاکہ خدا نے پاکستان کو ایٹمی قوت کسی مقصد کیلئے بنایا ہے،میرا ایمان ہے کہ پاکستان مسلم امہ کی امامت کرے گا۔۔۔۔