اسلام آباد(آئی این پی) وفاقی دارالحکومت کے تھانہ شالیمار کی حدود میں واقع ایف ٹین مرکز میں لگژری اپارٹمنٹس سے ایک خاتون کی نعش برآمد ہوئی ہے جسے مبینہ طور پر قتل کیاگیاہے ، کراچی کے علاقے کلفٹن کی رہائشی نورین اختر چوہدری اپارٹمنٹ نمبر 455 میں رہائش پذیر تھی۔ پولیس کے مطابق سلور اوکس ٹاور کے اپارٹمنٹس نمبر 455 میں نورین اختر چوہدری نامی خاتون گزشتہ برس نومبر سے رہائش پذیر تھی
اور وہ اکیلی رہ رہی تھی۔ گزشتہ رات اسے نامعلوم افراد نے قتل کر کے اس کی نعش باتھ روم میں پھینک دی۔ مقتولہ کا سر بھی مونڈا ہوا تھا۔ پولیس نے نعش تحویل میں لے کر پوسٹمارٹم کیلئے پمز منتقل کر دی۔ جبکہ اپارٹمنٹ نمبر 455 میں آنے جانے والوں کا ریکارڈ اور سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی ۔ پولیس نے واقعے کی باقاعدہ تحقیقات شروع کردیں۔