لاہور(این این آئی)محکمہ داخلہ پنجاب نے حساس اداروں کی رپورٹ پر صوبائی دارالحکومت میں 10 سے 122 سال کے بچوں کے ذریعے ممکنہ دہشتگردی کا خطرہ ظاہرکرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو چوکنا رہنے کی ہدایت کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق حساس اداروں کی جانب سے فراہم کی گئی معلومات کے تحت محکمہ داخلہ پنجاب نے متعلقہ اداروں کو مراسلہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ
افغانستان کے شہرکنڑ میں تحریک طالبان سوات نے خودکش بمباروں کو تیار کیا ہے جن میں 10 سے 12 برس کے بچے بھی شامل ہیں۔ ان بچوں کو لاہورسمیت دیگر شہروں میں بھیجا جائے گا۔ لاہور کے ابدالی چوک کے قریب دو منزلہ اسکول کی عمارت کو ٹارگٹ کیا جاسکتا ہے۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ممکنہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کئے جائیں، شہرمیں ججز اورعدالتوں کے باہر بھی سکیورٹی بڑھائی جائے، شہر کے داخلی اورخارجی راستوں پرناکہ بندی کی جائے، افغان بستیوں میں پولیس اورحساس ادارے مشترکہ سرچ آپریشنز کریں ۔