ملتان(آئی این پی)لیگی قیادت کی کوششوں سے ملتان میں مسلم لیگ(ن)سے دھڑے بندی کا خاتمہ ہوگیا۔ورکرزکنونشن میں تمام لیگی گروپس اختلافات ختم کرکے شریک ہوئے۔سابق صوبائی وزیرچوہدری عبدالوحید آرائیں اور لیگی رہنما رانا محمودالحسن کو سٹیج پر ایک ساتھ بیٹھا دیکھ کرکارکنان حیران رہ گئے جبکہ کنونشن میں مسلم لیگ(ن) ملتان کے تمام سرکردہ رہنمائوں نے شرکت کی۔
باخبرذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ(ن)ملتان سے دھڑابندی کے خاتمے میں مرکزی و صوبائی لیگی قیادت نے اہم کردار ادا کیا۔اس حوالے سے گزشتہ روزمیاں نوازشریف اورمیاں شہبازشریف کے دورہ ملتان میں پیش رفت ہوئی جس کے بعدتمام لیگی دھڑے اختلافات ختم کرکے ورکرزکنونشن میں شریک ہوئے۔اس سلسلے میں مسلم لیگ(ن)کی سینئررہنما تہمینہ دولتانہ کا کہنا ہے کہ اب ہمارے پاس غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔اب کارکنوں کے متحد ہونے کا وقت ہے۔دریں اثناء ملتان میں مسلم لیگ(ن)کاورکرز کنونشن بدنظمی کا شکار ہوگیا۔ بولنے کا موقع نہ ملنے پر لیگی خواتین کارکنوں نے سٹیج پر پہنچ کرہنگامہ آرائی کی۔بعض خواتین کارکنان مقامی ایم این ایز اور ایم پی ایز کیخلاف پھٹ پڑیں۔لیگی خواتین کارکنوں کا احتجاج کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ملتان میٹروبس کی افتتاحی تقریب میں بھی کارکنوں کو مدعو نہیں کیا گیا جبکہ ورکرز کنونشن میں بھی ایم این اے،ایم پی ایز کارکنوں کو نظرانداز کررہے ہیں اور ان کی بات نہیں سنی جارہی۔ورکرزکنونشن میں شریک لیگی خاتون رہنما افشین بٹ پارٹی رہنمائوں کے سامنے رو پڑیں،جس پر لیگی رہنما ایم این اے تہمینہ دولتانہ نے خواتین کارکنوں کو گلے لگایا اور انہیں یقین دہانی کرائی کہ ان کے مسائل سے قیادت کو اگاہ کیا جائے گا۔خواتین کارکنان پارٹی کا اثاثہ ہیں۔