کوئٹہ(آئی این پی)کوئٹہ سمیت بلوچستان میں شدید بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا جس کے باعث ندی نالوں میں شدید طغیانی آگئی اور نشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ مختلف حادثات میں خاتون سمیت 6افراد جاں بحق اور10زخمی ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق پیر کو کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف شہروں میں شدید بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا جس کے باعث ندی نالوں میں شدید طغیانی آگئی اور نشیبی علاقے زیر آب آگئے ۔
بارش کے باعث چھتیں اور دیواریں گرنے سمیت دیگر مختلف حادثات میں 6افراد جاں بحق اور10زخمی ہوگئے۔کوژک ، بولان ،لک پاس ،دشت اورزیارت میں برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔کوئٹہ کے علاقے سریاب ،کیچی بیگ، بروری، وحدت کالونی، سبزل روڈ، دیبہ اور قمبرانی کے علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا ۔کوئٹہ کی سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں جبکہ چمن کے علاقے میں ندی بہنے سے ایک شخص جاں بحق اور6زخمی ہوگئے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق یہ سلسلہ آئندہ تین روز تک جاری رہے گا