اسلام آباد/لاہور( این این آئی)نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی نے قومی شناختی کارڈز کی تصدیق کا عمل دوبارہ شروع کر دیا ہے جس میں 16 ہزار سے زائد غیر ملکیوں کے پاس پاکستانی شناختی کارڈ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق نادرا کی جانب سے بنائے گئے سپیشل بورڈز نے انکشاف کیا ہے کہ اس وقت 16 ہزار سے زائد غیر ملکیوں کے پاس قومی شناختی کارڈز موجود ہیں جن میں سے 11 ہزار 776 افراد پاکستان میں ہی رہائش پذیر ہیں۔
نادرا کی مہم کے دوران 3640غیر ملکیوں نے رضاکارانہ طور پر بھی شناختی کارڈ واپس کئے۔ بورڈز نے 2014شناختی کارڈز کو درست قرار دیدیا ہے جبکہ 10 ہزار کیسوں کی تصدیق کا عمل جاری ہے۔ نادرا سسٹم سے تصدیقی مہم کے دوران 67983 گھس بیٹھیوں کی نشاندہی بھی ہوئی۔ دستاویز کے مطابق دوسرے مرحلے میں نادرا زونل بورڈز کو 21 ہزار 777 کیسز بھجوائے گئے تھے۔