اسلام آباد (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے کہاہے کہ بچوں کو اچھی تعلیم کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے ،2018ء تک نیا تعلیمی نظام دے کر جائینگے،وفاقی دارالحکومت میں سکولوں کی اپ گریڈیشن کے بعد سرکاری اور پرائیویٹ سکولوں میں کوئی فرق نہیں رہے گا،معیاری تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں،سکولوں میں کلاس رومز کی کمی کو جلد دور کردیا جائیگا ،آئی ٹی اورسائنس لیبزاور لائبریریز کی اپ گریڈیشن کررہے ہیں۔
بدھ کو وزیر اعظم تعلیمی اصلاحات پروگرام کے حوالے سے سکولوں کو جدید بسوں کی فراہمی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ جب ہم نے پرائم منسٹر ریفارم پروگرام کاآغاز کیا اور اس حوالے سے مختلف سکولوں کا دورہ کیا اور وہاں دور دراز سے آنے والے سپیشل بچوں اور خواتین سے ملی توانہوں نے بتایا کہ ہمیں بسوں کی ضرورت ہے ، پرائیویٹ ٹرانسپورٹ میں ہم محفوظ نہیں ہیں، جب میں نے اس حوالے سے وزیر اعظم سے درخواست کی تو انہوں نے اگلے دن بسوں کی منظوری دی ۔انہوں نے کہاکہ اس پروگرام کے تحت اسلام آباد میں سکولوں کے لئے ٹرانسپورٹ کی سہولیات کو بہتر بنانے کیلئے 200 بسیں فراہم کی جارہی ہیں ، بسوں کی پہلی کھیپ میں 70بسیں آچکی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سکولوں میں کلاس رومز کی کمی کو جلد دور کردیا جائیگا ،سکولوں میں ٹوائلٹس کو ٹھیک کیا ہے ،سکولوں کی حفاظت کیلئے چار دیواریاں بھی بنائی گئی ہیں، انہوں نے کہاکہ مزید سکولوں کو بھی محفوظ بنایا جارہا ہے ، انہوں نے کہاکہ معیاری تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں،آئی ٹی اورسائنس لیبزاور لائبریریز کی اپ گریڈیشن کررہے ہیںانہوں نے کہاکہ وفاقی دار الحکومت اسلام آباد میں جب سکولوں کی اپ گریڈیشن مکمل ہو گی تو پرائیویٹ اور سرکاری سکولوں میں فرق نہیں ہو گا ۔ بچوں کو اچھی تعلیم فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ،انہوں نے کہا کہ جب حکومت 2018ء میں اپنا اقتدارپور کرکے جائیگی تو پورے اسلام آباد میں نئے سکول اور نیاایجوکیشن سسٹم دے کر جائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) سکولوں میں معیاری تعلیم اور سکولوں کی بہتری کے لئے اقدامات کررہی ہے ۔