اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ایک مذہبی تنظیم کی طرف سے معافی مانگنے کے مطالبے اور عدم معافی پر کفر کا فتویٰ لگانے کے اعلان پر عمران خان بھی میدان میں آگئے ہیں اور بنی گالہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا ہے کہ نبی کریم ﷺ آخری پیغمبراور اللہ کے حبیبؐ ہیں، کوئی کلمہ گوشخص کبھی ان کی شان میں کسی قسم کی گستاخی کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتا،میں واضح کرتاہوں کہ غلطی ہوئی اور آئندہ ایسی غلطی نہیں ہوگی ۔
واضح رہے کہ مفتی پیر افضل قادری نے عمران خان پر توہین رسالت ؐ کا الزام عائد کرتے ہوئے ان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کر دیا۔ تفصیل کے مطابق پنجاب کے شہر گجرات سے تعلق رکھنے والی معروف مذہبی شخصیت مفتی پیر افضل قادری نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان پر توہین رسالت ؐکا الزام عائد کیا ہے۔مفتی پیر افضل قادری نے الزام عائد کیا کہ عمران خان نے گزشتہ دنوں کچھ ایسے الفاظ ادا کئے ہیں جس سے حضور اکرم ﷺ کی شان میں گستاخی ہوئی ہے۔ لہذا ان پر لازم ہے کہ وہ عوام کے سامنے اپنی غلطی کا اقرار کریں اور عوام کے سامنے ہی معافی مانگیں۔