لاہور(آئی این پی)شہر میں پارکنگ مسائل کو کم کرنے کیلئے لاہور پارکنگ کمپنی نے شہر کے پانچ مقامات پر روٹری پارکنگ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ‘ چائنہ سے منگوائی جانے والی پہلی روٹری مشین کسٹم کلیئرنس نہ ہونے کے باعث کراچی پورٹ پر روک لی گئی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور پارکنگ کمپنی نے شہر کے پانچ مقامات پر روٹری پارکنگ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا جس کیلئے ایک کروڑ سے زائد لاگت سے منگوائی جانے والی روٹری پارکنگ مشین لبرٹی میں لگائی جانی تھی لیکن کمپنی نے پہلی روٹری پارکنگ مشین کی جگہ تبدیل کردی ہے۔
پہلی مشین لبرٹی کی بجائے اچھرہ فیروزپور روڈ پر لگائی جائے گی ترجمان لاہور پارکنگ کمپنی علی رضا کے مطابق اچھرہ میں پارکنگ مسائل لبرٹی سے زیادہ ہیں اسی لئے پہلی روٹری مشین کیلئے فیروزپور روڈ کو چنا گیا یہاں مزید تین مشینیں لگائی جائینگی۔