اسلام آباد(آئی این پی )الیکشن کمیشن نے ضلع کونسل خوشاب کے چیئرمین کا الیکشن کالعدم قرار دیدیا ،چیئرمین ضلع کونسل خوشاب کی نشست پر دوبارہ الیکشن کرانے کا حکم ،22 دسمبر کو خوشاب سے ن لیگ کی سمیرا ملک کامیاب قرار پائی تھیں،فیصلہ 5کونسلرز کی جانب سے بیلٹ پیپرز باکس میں ڈالنے سے پہلے شو کرنے کے الزامات ثابت ہونے پر سنایا گیا ۔کمیشن میں سمیرا ملک کے مخالف امیدوار ملک امیر حیدر سنگا نے ضلع کونسل کے الیکشن کالعدم قرار دینے اور دوبارہ الیکشن کرانے کی درخواست دائر کی تھی ۔
قبل ازیں بدھ کوالیکشن کمیشن نے سماعت کے بعد محفوظ فیصلہ کر لیا تھا جو بعد ازاں سنایا گیا ،کیس کی سماعت شروع ہوئی تو درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہضلع کونسل خوشاب کے چیئرمین وائس چیئرمین کی پولنگ کے دوران پانچ ووٹرز نے ووٹ کا تقدس پامال کیا اور ووٹ ظاہر کیا،اس لیے بیلٹ پیپر شو کرنے پرووٹ ظاہر کرنے پر الیکشن کالعدم قرار دیاجائے،چیف الیکشن کمشنر نے درخوات گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ اگر کوئی ووٹ ظاہر کرکے کاسٹ کرتا ہے تو اس پر قانون کیا کہتا ہے،وکیل نے جواب دیا کہ قانون میں ووٹ شو کرنے سے روکا گیااورقانون میں صاف شفاف اور منصفانہ الیکشن کا لکھا ہے،متعلقہ پریذائڈنگ افسر نے بھی اپنی رپورٹ میں ووٹ ظاہر کرنے کی نشاندہی کی ہے، ۔ سمیرا ملک کی کامیابی صرف ایک ووٹ سے ہوئی ہے الیکشن کالعدم قرار دیا جائے،
پریذائڈنگ افسر اسرار احمد نے بیان دیتے ہوئے کہا کہ پانچ ووٹرز نے اپنے ووٹ ظاہر کئے،سمیرا ملک کے مخالفین کے کہنے پر کاروائی کے لئے سفارش کی، جب میں نے ووٹ ظاہر کرنے سے روکا تو کہا ہم سیاہی خشک کررہے ہیں،چیف الیکشن کمشنر نے پریذائڈنگ آفسیر سے سوال کیا کہاس کا مطلب ہے تم نے کسی دباؤ میں رپورٹ دی ہے،پریذائڈنگ افسر اسرار احمد نے جواب دیا کہدباؤ میں نہیں اس وقت کے ماحول کے مطابق رپورٹ دی،ریٹرننگ آفیسر نے کمیشن کے استفسار پر کہا کہ جب ووٹ ظاہر کرنے کا واقعہ ہوا میں موقع پر موجود نہیں تھا،سمیرا ملک کیوکیل نے ووٹ شو کرنے کے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایک ووٹ سے مخالفین ہار گئے ہیں اس لئے کہانی بنا رہے ہیں، مخالفین نے ہار کے بعد اعتراض اٹھایا پہلے نہیں،ووٹرز نے اپنے ووٹ دکھائے نہیں ووٹ خشک کئے تھے، یہ کیس الیکشن کمیشن کی بجائے الیکشن ٹربیونل کے سامنے لانا چاہیے تھا،