لاہور( این این آئی)اکاؤنٹنٹ جنرل پنجاب کی سپیشل آڈٹ رپورٹ میں وزیراعلی پنجاب لیپ ٹاپ سکیم میں وسیع پیمانے پر گھپلوں کا انکشاف ہوا ہے جبکہ ذمہ دار افراد کے خلاف کاروائی اور مستفید ہونے والے طلبا ء سے ریکوری کی سفارش کر دی گئی۔ایک نجی ٹی وی کے مطابق پنجاب میں 5738لیپ ٹاپ کی تقسیم میں گھپلے کا انکشاف ہوا ہے۔اکاؤنٹنٹ جنرل پنجاب کی سپیشل آڈٹ رپورٹ کے مطابق 1771طلبا دو، دو لیپ ٹاپ لینے میں کامیاب ہوئے،2081طلبا کے شناختی کارڈ ہی جعلی نکلے،1181طلبا کا کہیں ریکارڈ ہی موجود نہیں۔اکانٹنٹ جنرل پنجاب کی سپیشل آڈٹ رپورٹ میں 305لیپ ٹاپ جلنے اور چوری ہونے کا بھی پتہ چلا۔رپورٹ کے مطابق گھپلے سرگودھا، فیصل آباد، ڈی جی خان، ساہیوال، ملتان، گوجرانوالہ، بہاولپور اورراولپنڈی ڈویژن میں کئے گئے۔تمام بے ضابطگیاں دوسرے اور تیسرے مرحلے میں ہوئیں اور قومی خزانے کو 7کروڑ سے زائد کا نقصان پہنچا۔اکاؤنٹنٹ جنرل پنجاب کی سپیشل آڈٹ رپورٹ میں ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو تمام تر صورتحال کا ذمہ قرار دیا گیاہے اورذمہ دار عناصر کے خلاف کاروائی اور طلبا ء سے رقم واپس لینے کی سفارش کی گئی ہے۔