لاہور(آئی این پی) جماعت اسلامی پاکستان نے اپنے مرکز منصورہ میں بڑی تبدیلیاں لانے کا عمل شروع کر دیا۔ سکیورٹی پر مامورحفاظتی عملے نے قومی لباس شلوار قمیض کی بجائے مغربی لباس پینٹ شرٹ میں اپنے فرائض سرانجام دینا شروع کر دیئے، جماعت اسلامی کے باریش گارڈز جو دو روز قبل تک خاکی رنگ کے شلوار قیمض میں نظر آتے تھے، وہ گزشتہ روز ایک ایگزیکٹو آرڈر کے بعد سیاہ رنگ کی پینٹ شرٹ میں نظر آئے۔ گارڈز کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی کے مرکز میں پینٹ شرٹ پہن کر ڈیوٹی دینا نیا تجربہ ہے جبکہ ایک گارڈ نے پوچھنے پر ازراہ تفنن امریکی بدنام زمانہ سکیورٹی ایجنسی ’’بلیک واٹر ‘‘ کا نام لیتے ہوئے اپنی وردی کی طرف اشارہ بھی کیا۔