اسلام آباد( این این آئی)پاکستان انٹر نیشنل ائیر لائنز کی انتظامیہ نے بینظیر بھٹو انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر اے ٹی آر طیارے کی پرواز سے قبل بکرے کو صدقہ کیے جانے کے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا،ادارے کے سکیورٹی حکام نے ایئرپورٹ کے انتہائی حساس حصے میں بکرے کو ذبح کرنے کیلئے لائی گئی چھری پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔خیال رہے کہ 18 دسمبر کو سوشل میڈیا پر ایک خبر منظر عام پر آئی تھی کہ پی آئی اے کی اے ٹی آر 42 پرواز سے قبل ایک بکرے کو صدقہ کیا گیا ہے جس پر بینظیر بھٹو ایئرپورٹ کے سکیورٹی حکام بھی حیران رہ گئے کہ ایسے حساس حصے میں چھری کیسے لائی گئی جہاں کسی فرد یا ہتھیار کو لے جانے کیلئے سکیورٹی کلیئرنس کی ضرورت ہوتی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سینئر سکیورٹی عہدیدار کا کہنا تھا کہ ایئر پورٹ کے حساس حصے میں چھری اور کالے بکرے کو لائے جانے کے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے اور اس وقت ڈیوٹی پر موجود سکیورٹی اہلکار سے بھی تفتیش کی جائے گی۔اس موقع پر پی آئی اے کی انتظامیہ نے خود کو مذکورہ معاملے سے دور رکھا اور ترجمان دانیال گیلانی کا کہنا تھا کہ یہ اقدام ایک ملازم کی جانب سے اے ٹی آر طیارے کو کلیئر کیے جانے پر کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ بکرے کو پرواز سے کئی گھنٹے قبل ذبح کیا گیا تھا۔