اسلام آباد (نیوزڈیسک) اسلام آباد کے انتظامی ادارے نے شہر میں مقیم ہندو برادری کے دیرینہ مطالبے کو پورا کرتے ہوئے مذہبی رسومات کے لئے جگہ فراہم کی ہے۔
اسلام آباد کے ڈپٹی مئیر ذیشان نقوی نے ایک برطانوی خبررساں ادارےکوبتایاکہ ہندوؤں برادری کا ایک عرصے سے مطالبہ تھا کہ دارالحکومت میں آخری رسومات کے لئے شمشان گھاٹ، کمیونٹی سینٹر اور مندر ہونا چاہئے اور اس کے لیے سیکٹر ایچ میں چار کنال کا پلاٹ دیا گیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ اس پلاٹ پر ہندو برادری کی مشاورت سے تعمیرات کی جائیں گے۔ مختص کیے گئے پلاٹ کے ساتھ بدھ مذہب کی رسومات کے لیے جگہ موجود ہے اور اس سے پہلے ہندو برادری کو ایک دو بار آخری رسومات کے لیے شمشان گھاٹ کو استعمال کرنے کی اجازت دی گئی تھی لیکن اب ان کا اپنا شمشان گھاٹ اور دیگر سہولیات دستیاب ہوں گی۔