لاہور(نیوزڈیسک) چین کے قونصل جنرل یوبورن نے کہا ہے کہ وزیر اعلی محمد شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت نے معاشی ترقی کے اہداف کے حصول کی جانب غیر معمولی انداز میںپیشرفت کی ہے۔ انفراسٹرکچر ، تعلیم ، صحت اور دیگر سماجی شعبوں کی ترقی کے باعث صوبے کے عوام کا معیار زندگی بلند ہوا ہے۔ میں نے گزشتہ دو برس میں اپنی تعیناتی کے دوران پنجاب میں بے مثال ترقی کا مشاہدہ کیا ہے۔
وزیر اعلی شہباز شریف کی قیادت میں صوبے نے تیز رفتار معاشی ترقی کی ہے۔ پنجاب میں ترقیاتی منصوبے برق رفتاری سے مکمل ہو رہے ہیں اور سی پیک کے تحت جاری منصوبے انتہائی تیز رفتاری سے آگے بڑھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوںپر تیز رفتار ی سے عملدرآمد کو چین میں” پنجاب سپیڈ“کے نام سے جانا جاتا ہے اور ” پنجاب سپیڈ “کا اعزاز شہباز شریف کی انتھک محنت اور غیر معمولی کارکردگی کا نتیجہ ہے ۔
چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور دونوں ممالک کی قیادت کے ترقیاتی ویژن کا عکاس ہے ۔ پنجاب اور چین کے صوبوں کے مابین تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں میں دو طرفہ تعاون میں اضافہ ہو ا ہے۔ دونوںممالک کے معاشی تعلقات میں اضافے کے حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کردار لائق تحسین ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے چین کے دوروں سے بھی دو طرفہ تعاون میںاضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں چینی قونصلیٹ کے قیام میں وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف اور پنجاب حکومت کے تعاون پر ان کے بے حد مشکور ہیں۔