کوئٹہ (این این آئی)بلوچستان ہائیکورٹ نے اکبر بگٹی قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کے عدالت میں پیش نہ ہونے پر ان کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کا عندیہ دیدیا۔بلوچستان ہائیکورٹ کے ڈویژنل بنچ کے جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس ظہیرالدین کاکڑ نے نواب اکبر بگٹی کے بیٹے نواب زادہ جمیل بگٹی کی جانب سے سابق صدر پرویز مشرف کی بریت پر دائر نظرثانی کی درخواست کی سماعت کی۔بلوچستان ہائی کورٹ نے مشرف کے وکیل کو ہدایت کی کہ وہ اپنے مؤکل کے عدالت میں پیش ہونے کی حتمی تاریخ بتائیں۔
دوران سماعت سابق صدر کے وکیل اختر شاہ نے کہاکہ ان کے مؤکل پرویز مشرف سیکیورٹی کی یقین دہانی ہونے اور طبی معائنہ مکمل ہونے کے بعد معزز عدالت کے سامنے پیش ہوسکتے ہیں۔وکیل اختر شاہ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ان کے مؤکل پرویز مشرف 23 مارچ 2017 کو ملک واپس آنے والے ہیں اور تب ہی وہ عدالت کے سامنے پیش ہوں گے۔اس پر جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ ہم دو ماہ کا وقت دیں گے لیکن آپ کو اپنے مؤکل کی عدالت میں پیشی یقینی بنانی ہوگی۔