اسلام آباد( آئی این پی ) چیف میٹرولوجسٹ محمد ریاض نے کہاہے کہ گلوبل وارمنگ کے باعث موجودہ سال گرم ثابت ہو رہا ہے ، اکتوبر اور نومبر کے مہینوں میں بارشیں معمول سے انتہائی کم ہوئیں جبکہ لاہور میں رواں ماہ کوئی بارش نہیں ہوئی ، بارشیں نہ ہونے کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ نہیں ہوا اور آبی ذخائر بھی کم ہو رہے ہیں ، اگر جنوری ، فروری میں بھی بارشیں نہ ہوئیں تو صورتحال سنگین ہو سکتی ہے۔ اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ آبادی میں اضافہ ماحولیاتی تبدیلیوں کا باعث بنتا ہے جو گلوبل وارمنگ کی بنیادی وجہ ہے ، پاکستان بھی ان ممالک میں شامل ہے جو گلوبل وارمنگ سے سب سے زیادہ اثرانداز ہو رہے ہیں۔ محمد ریاض کا کہنا تھا کہ پہاڑوں پر برف باری کا کوئی بڑا سلسلہ شروع نہیں ہوا، بارشیں آبی ذخائر میں اضافے کا سبب بنتی ہیں جبکہ اس سیزن میں ہونے والی برف باری کی وجہ سے جمی ہوئی برف کی صورت میں پانی کا ذخیرہ موسم گرما میں کام آتا ہے ، بارشیں نہ ہونے سے فصلوں کی کاشت بھی متاثر ہو رہی ہے اور بارانی علاقوں کے کسان شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ ہفتہ تک بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔ اسی قسم کے چیلنجز پڑوسی ملک کو بھی درپیش ہیں۔