اسلام آباد ( آن لائن ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی ترقیاتی ادارے سی ڈی اے کے تمام بینک اکاونٹس منجمد کرتے ہوئے تمام پراجیکٹس پر کام روکنے کا حکم دے دیا۔تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز اسلام آباد ہائی کورٹ میں مہر آباد یہ کی زمین کی رقم کی عدم ادائیگی کیس کی سماعت ہوئی ،جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کیس کی سماعت کی ، درخواست گزار کے وکیل نے عدالت میں موقف اپنا یا کہ سی ڈی اے نے زمین کے بدلے اب تک رقم ادا نہیں کی جس پر عدالت سے رجوع کیا ہے ،ہمیں انصاف دلایا جائے۔ دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ سی ڈی اے بااثر شخص کو ایک دن میں ڈھائی ارب ادا کرتا ہے جبکہ ایک عام آدمی کو دینے کے لیے سی ڈی اے کے پاس رقم نہیں ،جب تک سی ڈی اے تمام ادائیگیاں نہیں کر دیتا تمام جاری پراجیکٹس کو روک دیا جائے جبکہ سی ڈی اے کے تمام بینک اکاؤنٹس بھی منجمد کرنے کا حکم دیا ہے ، عدالت نے فیصلے پر آج ہی عمل در آمد کرنے کا حکم دیا ہے۔