کراچی(آئی این پی)لائیو ویپن فائرنگ ، مسلح افواج کی آپریشنل تیاریوں کا نقطہ ءِ عروج ہے اور مسلح افواج کو تفویض کئے جانے والے قوم کے دفاع کے مقدس فریضے کی ادائیگی کے ضمن میں مسلح افواج کے غیر متزلزل عزم کی علامت ہے۔
لائیو فائرنگ کے متاثر کن اور بھر پور مظاہرے کے دوران پاک بحریہ کے ہر اول جنگی یونٹ نے شمالی بحیرہ عرب میں لائیو میزائل فائرنگ کا مظاہرہ کیا،پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء4 اللہ نے بحری جہاز سے لائیو فائرنگ کے اس مظاہرے کو دیکھا۔ فائرنگ کے اس بھر پور مظاہرے کے دوران پاک بحریہ کے سورڈ کلاس (Sword Class)جہاز پی این ایس اصلط سے سمندرسے سمندرمیں مار کرنے والے بحری جہاز شکن میزائل کو فائر کیا گیا۔ میزائل نے اپنے ہدف کو سو فیصد درستگی کے ساتھ نشانہ بنایا جو ان ہتھیاروں کی ہلاکت خیزی اور پاک بحریہ کے فلیٹ(Fleet) کی بھر پوردفاعی طاقت پر مہر ثبت کرتا ہے،
پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء4 اللہ نے پاک بحریہ کے فلیٹ کی آپریشنل تیاریوں پر اپنے مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ نیول چیف نے کہا کہ میزائل کی لائیو فائرنگ ملکی بحری دفاعی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے اور بحری سرحدوں کے دفاع کے لئے ہر قسم کے خطرات سے نبرد آزما ہونے میں پاک بحریہ کے عزم مْصمم کی عکاس ہے، میزائل فائرنگ کا یہ کامیاب مظاہرہ پاک بحریہ کی بہترین آپریشنل تیاریوں اور اعلیٰ ترین پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظہر ہے۔فائرنگ کا یہ کامیاب مظاہرہ پاک بحریہ کے زیر استعمال جدید ویپن سسٹم کے مہلک اور مؤثرہونے کی واضح دلیل ہے