لاہور(آئی این پی) سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر چوہدری اعتزاز احسن نے کہاہے کہ چوہدری نثار استعفیٰ دینا ہی نہیں چاہتے ورنہ انکو کون روکتا؟‘(ن) لیگ ہر گزارتے دن ایک نئے بحران کا شکار ہو رہی ‘پانامہ لیک کا معاملہ نوازشر یف اور انکے خاندان کے احتساب سے ہی ختم ہو سکتا ہے ‘نیشنل ایکشن پلان پر حکومت اور وزیر داخلہ عملددرآمد کر نے میں مکمل ناکام ہو چکا ہے ‘نیشنل ایکشن پلان کو چلانا وزارت داخلہ کی ذمہ داری ہے لیکن آج کوئی ذمہ داری لینے کو تیار نہیں۔
اتوار کے روز گفتگو کرتے ہوئے چوہدری اعتزاز احسن نے کہا کہ میری چوہدری نثار کیساتھ کوئی ذاتی دشمنی اور مخالفت نہیں مگر وہ جہاں بھی جاتے ہیں مجھے کسی نہ کسی صورت ’’یاد ‘‘کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری نثارپاکستان کے عوام اور سیاستدانوں کو بے وقوف سمجھ رہے ہیں اور وہ کہتے ہیں کہ وزیر اعظم نے انکو استعفیٰ دینے سے روکا ہے مگر پوری قوم جانتی ہے اگر کوئی استعفیٰ دینا چاہے تو اس کو کوئی روک نہیں سکتا صرف سیاسی دکانداری چمکا ئی جا رہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی عوامی امنگوں کیمطابق سیاست کر رہی ہے اور (ن) لیگ کی ہر سطح پر کر پشن اور لوٹ مار کو بے نقاب کیا جائیگا اور پانامہ کا معاملہ وزیر اعظم اور انکے خاندان کے شفاف احتساب سے ختم ہو سکتا ہے ۔