کراچی (این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے وزیر داخلہ چوہدری نثارکے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کا نام پاناما پیپرز میں کہیں نہیں ہے درحقیقت مسلم لیگ نواز پاناما پارٹی ہے کو جھوٹوں کا ایک ٹولہ ہے۔ چوہدری نثار پریس کانفرنس کرنے کی بجائے سپریم کورٹ کو مطمئن کریں چوہدری نثار نے سپریم کورٹ کے معزز جج کی تضحیک کی ہے۔ چوہدری نثار کو سپریم کورٹ کے سامنے پیش ہونا چاہیئے تھا سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی سپریم کورٹ سے مطالبہ کرتی ہے کہ کوئٹہ انکوائری کمیشن کی رپورٹ پر عمل درآمد کے لیے فل بینچ تشکیل دیا جائے اور انکوائری کمیشن کی رپورٹ پر عمل درآمد کیا جائے۔ انکوائری کمیشن نے ویر داخلہ کی کارکردگی کا پول کھول دیا ہے، چوہدری نثار علی خان اس رپورٹ کو مسترد نہیں کرسکتے۔
سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ چوہدری نثار نے اپنی پریس کانفرنس میں ڈاکٹر عاصم کیس میں رینجرز کے سامنے اپنی بے بسی کا اعتراف کیا ہے اگر رینجرز وزیر داخلہ کے ماتحت نہیں ہے تو چوہدری نثار علی خان کو اپنے عہدے سے مستعفی ہوجانا چاہیئے۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ وزیر داخلہ نے پنجاب میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے لیے تاحال رینجرز کو اجازت نہیں دی بلکہ چوہدری نثار نے رانا ثنااللہ کو پنجاب رینجرز سے کس طرح آزاد کرایا ہے۔
سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ چوہدری نثار نے تاحال ایف آئی اے کو پاناما لیکس کی تحقیقات کا حکم کیوں نہیں دیا۔ چوہدری نثار کو وزیراعظم اور اس کے بچوں کے خلاف تحقیقات سے کس نے روکا ہے اور سلام آباد کی انتظامیہ نے کالعدم تنظیم کو جلسے کی اجازت کس طرح دی ہے۔ انتظامیہ کے ان افسران کے خلاف کارروائی کی جائے.۔