اسلام آباد(آئی این پی) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی طرف سے 2017ء میں الیکشن کی باتیں کرنا بلی کو چھیچھڑوں کے خواب کے مترادف ہے ‘ انتخابات اپنے وقت پر ہوں گے ‘ حکومت پانامہ پر ایوان میں بات کرنے کیلئے تیار ہے ‘ تحریک استحقاق پر سپیکر کی رولنگ بالکل ٹھیک ہے ‘ پی ٹی آئی ارکان ایوان میں صرف تنخواہیں اور الاؤنس لینے آتے ہیں ‘ اپوزیشن لیڈر سے رابطہ ہوا ہے کوشش ہے کہ ایوان کی کارروائی میں کسی کو رخنہ نہ ڈالنے دیا جائے۔
وہ جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی سے سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن وہ ایک منجی ہوئی سیاسی جماعت ہے۔ حکومت پانامہ لیکس کے معاملے پر ایوان میں دوبارہ بات کرنے کیلئے تیار ہے چاہے تحریک انصاف بات کرے یا پیپلز پارٹی اپوزیشن کے دوست ہمارے ساتھ مل بیٹھیں یہ کیا اصول ہے کہ خود بات کریں لیکن دوسروں کو کرنے نہ دیں۔ انہوں نے کہاکہ 32 ممبران والی جماعت کہتی ہے کہ 190 ممبران پر مشتمل حکومت کو نہیں بولنے دیں گے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پی ٹی آئی میں ایوان کا حصہ ہے اس ایوان میں پہلے کیوں نہیں آئی۔ تحریک انصاف کے ممبران پارلیمان میں صرف تنخواہیں اور ٹی اے ڈی اے لینے آتے ہیں۔ حکومت کے خلاف تحریک انصاف کی تمام سازشیں ناکام ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو اقتدار کی بھوک نے بے حال کیا ہوا ہے۔ 2018ء کے انتخابات اتنی دور نہیں۔ تحریک انصاف کی طرف سے 2017ء میں الیکشن کی بات کرنا بلی کو چھیچھڑوں کے خواب کے مترادف ہے۔ تحریک انصاف کی پس پردہ سازشیں بھی ناکام ہو گی۔ انتخابات اپنے وقت پر ہوں گے فیصلہ پاکستان کی عوام نے کرنا ہے ۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ حزب اختلاف کے ساتھ بات ہوئی ہے کوشش کریں گے کہ ایوان کی (آج) جمعرات کی کارر وائی میں رخنہ نہ ڈالنے دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسپیکر نے روٹین و قانون کے مطابق رولنگ دی۔ پانامہ کا معاملہ عدالت میں ہے پیپلز پارٹی سے ہمارا ہمیشہ رابطہ رہتا ہے۔ سیاسی اختلافات اپنی جگہ مگر پیپلز پارٹی میچور جماعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے ایوان کی کارروائی براہ راست دکھانے کی درخواست کی گئی تھی جس پر براہ راست دکھایا گیا۔ پی ٹی آئی کی ایوان میں بدتمیزی کو پوری عوام نے دیکھ لیا۔