لاہور(این این آئی ) اوورسیز پاکستانیز کمیشن (اوپی سی )پنجاب کی تجویز پر نیشنل آکاؤنیٹبلٹی بیورو(نیب)پنجاب نے سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے ڈپٹی ڈائریکٹر (آپریشز)محمد مظہر جاوید کو فوکل پرسن مقررکردیاہے۔ڈائریکٹر لیگل راجہ محمد زبیر اوپی سی کی طرف سے فوکل پرسن ہوں گے۔
اس ضمن میں تفصیلات ڈائریکٹرجنرل اوپی سی سید جاوید اقبال بخاری اور ڈائریکٹر جنرل نیب پنجاب میجر(ر)سید برھان احمد کے درمیان ایک اجلاس کے دوران طے کی گئیں۔ڈی جی، او پی سی نے ڈی جی نیب پنجاب کو فارمانائیٹس ہاؤسنگ سکیم اور ڈی ایچ اے سٹی لاہور کے متاثرین اوورسیز پاکستانیوں کے متعلق بریفنگ دی جس پر ڈی جی نیب نے کہا کہ ان کا ادارہ پہلے ہی ان ہاؤسنگ سکیموں کے حوالے سے تحقیقات کررہاہے اور ان منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے والے اوورسیز پاکستانیوں کو ان کی رقوم ترجیجی بنیادوں پرواپس دلائی جائیں گی۔ اس ضمن میں نیب پنجاب، اوپی سی سے بھر پور تعاون کرے گا۔
اجلاس میں فیصلہ کیاگیاکہ او پی سی مذکورہ ہاؤسنگ سکیموں سے متعلق اوورسیز پاکستانیوں کے کیس نیب پنجاب کو ریفر کرے گا ۔سید جاوید بخاری نے ڈی جی نیب پنجاب کو اپنے ادارے کی کارکردگی اور طریقہ کارکے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ او پی سی سمندر پار پاکستانیوں کی شکایات کی رجسٹریشن اور حل کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی سے بھر پور ا ستفادہ کررہا ہے اور اس کی ضلعی سطح پر قائم کمیٹیاں شکایات کے حل کیلئے موثر کردار ادا کررہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ فوکل پرسنز کی تعیناتی سے دونوں اداروں کے درمیان اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حوالے سے تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔اجلاس کے دوران اوپی سی کی طرف سے نیب پنجاب کو بجھوائے جانے والے اوورسیز پاکستانیوں کے متعددکیسز پر بھی غور کیاگیا۔