کراچی(این این آئی)عشرت العباد کس اہم سیاسی جماعت میں شامل ہونے جارہے ہیں؟دبئی میں تیسری ملاقات،پاکستان پارلیمنٹرینزکے سربراہ اور سابق صدر مملکت آصف زرداری سے سابق گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العبادخان اور سابق وزیرداخلہ سنیٹرعبدالرحمن ملک نے دبئی میں الگ الگ ملاقات کی ہے۔
ذرائع کے مطابق سابق گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العبادخان اورآصف علی زرداری کے درمیان ایک ہفتے کے دوران یہ تیسری ملاقات ہے۔ڈاکٹرعشرت العباد خان نے گورنر کا عہدہ چھوڑنے کے بعد پہلی بار دبئی میں ایک عوامی محفل میں شرکت کی ہے۔ بعد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری سے کچھ دن پہلے ملاقات ہوئی تھی۔انہوں نے کہاکہ ملاقات میں ملکی و سیاسی صورتحال سمیت دیگر اہم ایشوز پر آصف زرداری سے تبادلہ خیال کیا ہے۔ فی الحال سیاست میں فعال کردار کا ارادہ نہیں ہے، لیکن پہلے شوق تھا اور اب 14سال گورنر رہنے کے بعد ملک کیلئے کام کرنے کی عادت ہوگئی ہے۔
دریں اثناء سینیٹرعبدالرحمن ملک نے بھی آصف علی زرداری سے ملاقات کی ہے ۔ملاقات میں سابق صدر اور رحمان ملک نے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال سمیت دیگر امور پر گفتگو کی گئی ۔ اس کے علاوہ بھارتی وزیرداخلہ کے پاکستان مخالف بیان کی شدید مذمت کی گئی۔اس موقع پر سابق صدرآصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان بھارتی جارحیت کا ہر قسم کا جواب دینے کی بھرپورصلاحیت رکھتا ہے۔سینیٹر رحمان ملک نے سابق صدر کو ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر بھی بریفنگ دینے کے علاوہ آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی گفتگوکی ۔ڈاکٹر عشرت العباد کے بارے میں سیاسی حلقوں میں افواہیں چل رہی ہیں کہ وہ جلد ہی پاکستانی سیاست میں سرگرم ہونے والے ہیں اور متذکرہ ملاقاتوں کو ان کی پیپلزپارٹی سے بڑھتی ہوئی قربت قراردیاجارہاہے۔