اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے سینیٹ کو آگاہ کیا ہے کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی پاکستان میں سرگرمیوں کے شواہد اکھٹے کیے جارہے ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے لائن آف کنٹرول کی صورتحال اور پاک بھارت تعلقات میں کشیدگی کے حوالے سے ارکان سینیٹ کو بریفنگ دی۔
انہوں نے ارکان کو بتایا کہ اب تک ہمارے پاس محض بیانات ہیں کہ بھارتی جاسوس پاکستان میں دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث تھا۔سرتاج عزیز نے بتایا کہ اس حوالے سے مزید شواہد اکھٹا کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے سینیٹ کو بتایا کہ اقوام متحدہ کو بھارتی خفیہ ایجنسی را کی پاکستان میں مداخلت کے حوالے سے ڈوزیئر دے دیا گیا ہے اور ایوان کو جلد اس حوالے سے ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا جائے گا۔