اسلام آباد(آئی این پی )وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہاہے کہ پی ٹی آئی کا جھوٹ پوری قوم نے دیکھا جب کہ پی ٹی آئی اورشیخ رشید کی جھوٹی سیاست کا جنازہ سپریم کورٹ سے نکلے گا۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ پاناما کیس کی روزانہ کی بنیاد پرسماعت کرنے کی درخواست کردی جب کہ عدالت میں ہم نے واضح کیا کہ مریم نواز کا کسی چیز سے تعلق نہیں۔
عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ اخباری تراشوں پر کوئی فیصلہ نہیں کرے گی، پی ٹی آئی کا جھوٹ پوری قوم نے دیکھا کیونکہ انہوں نے کہا تھا ہمارے پاس ثبوت ہیں تو وہ ثبوت کہاں ہیں تاہم پی ٹی آئی اورشیخ رشید کی جھوٹی سیاست کا سپریم کورٹ میں جنازہ نکلے گا۔ دریں اثناء عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس معاملے پر حکومت کیخلاف ثبوت اور تابوت دونوں سپریم کورٹ سے ہی نکلیں گے ۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران شیخ رشید احمد نے کہا کہ سارا مسئلہ اس وقت 12 ملین درہم کے گرد گھوم رہا ہے۔ حکومت اس معاملے پر ڈٹ گئی ہے لیکن کسی بھی بات پر ڈٹے رہنے کا انجام برا ہوتا ہے۔