لاہور ( این این آئی) چنبہ ہاؤس میں پراسرار طور پر ہلاک ہونے والی مسلم لیگ (ن) کی کارکن متوفیہ سمعیہ چوہدری کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی جس کے مطابق خاتون کے پھیپڑوں میں سیاہ دھبے پائے گئے تاہم جسم پر تشدد کا کوئی نشان نہیں ، موت کی وجہ کا تعین فرانزک رپورٹ آنے پر کیا جائے گا ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور کے چنبہ ہاؤس میں لیگی کارکن کی سمعیہ کی پراسرار ہلاکت کے بعد پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی ہے،
رپورٹ کے مطابق خاتون کے پھیپھڑوں پر سیاہ دھبے پائے گئے ہیں۔ جبکہ متوفیہ کے جسم پر تشدد کا کوئی نشان نہیں۔نمونے فرانزک لیبارٹری بھجوادیئے گئے ہیں، ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ سمعیہ چوہدری کی موت کی وجہ کا تعین فرانزک رپورٹ آنے پر کیا جائے گا۔ پولیس کے مطابق سمعیہ چوہدری کیس میں 90 افراد کو
شامل تفتیش کیا گیا ہے۔چنبہ ہاؤس میں خاتون کو ضمانت پر کمرہ دلوانے والے ملازم سلامت کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔واضح رہے کہ لیگی کارکن 35 سالہ سمعیہ چوہدری چند روز قبل چنبہ ہاؤس کے ایک کمرے میں مردہ پائی گئی تھیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق جس کمرے میں سمیعہ مقیم تھی وہ چنبہ ہاؤس کے ملازم سلامت نے اپنی ضمانت پر دلوایا تھا۔گاڑی کا مالک بھی کوئی اشرف نامی شخص نکلا۔ دونوں افراد پولیس کی حراست میں ہیں جن سے تفتیش جاری ہے۔ چنبہ ہاؤس میں سمعیہ کی خدمت پر مامور ملازم زین العابدین کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔