اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ جب عدالت ثبوت مانگتی ہے تو یہ جھوٹ لے آتے ہیں، انہوں نے پوری قوم سے جھوٹ بولا جب کہ اب وکیل کی جگہ اداکار کو لے آئے ہیں تاہم وکیل بدلنے سے فیصلہ آپ کے حق میں نہیں ہوگا۔انہوں نے کہاکہ عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف پر فلم بناؤں گا تاہم اس فلم کو تو ملک کا بچہ بچہ دیکھے گا لیکن آپ پر فلم بنی تو ناصرف دنیا شرمندہ ہوگی بلکہ اس کی تو سنسربورڈ بھی اجازت نہیں دے گا۔
طلال چوہدری نے کہا کہ عدالت ثبوت مانگتی ہے تو عمران خان لندن چلے جاتے ہیں اور وہ کتابیں پیش کرتے ہیں جوکوئی نہیں پڑھتا، جس دن جمائما کٹہرے میں آگئیں تو بہت سے رازکھلیں گے لہذا عمران خان ڈرامے بازی، رنگ بازی چھوڑیں اور ثبوت لائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو گرانے والے ایک پھرگریں گے، وہ دن گئے جب فیصلے کوئی اور کرتا تھا۔ آج فیصلے پاکستان کے عوام اور پارلیمنٹ کرتی ہے۔