لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)لاہورمیں داعش نے تاجروں سے بھتہ مانگنا شروع کر دیا ہے۔ داعش کی جانب سے مال روڈ پر نقی آرکیڈ کے جیولرمحمد آصف کو32تولے سونا بھتہ دینے کا خط موصول ہوا ہے جبکہ بھتہ خوروں نے فون کر کے بھی بھتہ طلب کیا ہے اور بھتہ نہ دینے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دی ہیں۔ تاجر محمد آصف نے ایس پی سول لائنز کو داعش کے خط سے متعلق آگاہ کر دیاہے اور مقدمہ کے اندراج کے لئے تحریری درخواست بھی دے دی ہے۔بھتہ مانگنے والوں کا تعلق مبینہ طور پر داعش سے کہا جا رہا ہے۔داعش کی جانب سے بھتہ مانگے جانی کی اطلاع پر پولیس حکام کی دوڑیں لگ گئی ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق وہ اس حوالے سے تفتیش کر رہے ہیں، جلد اصل حقائق سامنے آ جائیں گے۔