لاہور( این این آئی) پاکستان وناسپتی مینو فیکچررز ایسوسی ایشن نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے کی جانے والی کارروائی کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے ملک بھر میں گھی اور کوکنک آئل کی سپلائی بند کر دی ،آج سے ملک بھر میں گھی ملیں بند کر کے آئندہ کالائحہ عمل طے کرنے کیلئے لاہور میں ایسوسی ایشن کے دفتر میں ہنگامی اجلاس طلب کر لیا گیا ۔
ملک گیر ہڑتال کا اعلان پی وی ایم اے کے چیئرمین اعزاز الٰہی ملک نے کیا ۔ ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین عارف قاسم نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی گھی ملوں سے ہوٹلوں کی طرح سلوک کر رہی ہے ۔ ہمارے علم میں لائے بغیرگھی اور کوکنگ آئل کے نمونے لئے گئے حالانکہ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے گھی اور کوکنگ آئل کے نمونوں کے حوالے سے ہمارے ساتھ پیرا میٹرز طے کئے ہوئے ہیں جن پر سرے سے عملدرآمد نہیں کیا گیا۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ہماری ساکھ کو بری طرح متاثر کیا ہے جس کے خلاف ہم ہڑتال کر رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں 120گھی ملیں ہیں ، ہم حکومت کو فی کلو گھی اور کوکنگ آئل پر 35روپے ڈیوٹی ادا کرتے ہیں۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے غیر سنجیدہ رویے کے باعث ملک میں گھی ملوں میں کام کرنے والی لیبر کا روزگار خطرے میں پڑگیا ہے اسی لئے آج بدھ کے روز ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔