اسلام آباد(آئی این پی) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ بھارت خطے کو جنگ کی طرف دھکیل رہا ہے ‘ بھارتی فوج اب بسوں اور ایمبولینسوں پر حملے کر رہی ہے ‘ لائن آف کنٹرول کی خلاف و رزیاں بڑی جنگ کی شکل اختیار کر سکتی ہیں۔
بدھ کو نجی ٹی وی سے گفتگو میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ جولائی سے بھارت کی طرف سے سیز فائر کی خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں۔ یہ خلاف ورزیاں جنگ کی شکل اختیار کر سکتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاک فوج بھارت کو بھرپور جواب دے رہی ہے۔ بھارتی فوج اب بسوں اور ایمبولینسوں پر حملے کر رہی ہے۔ بھارت خطے کو جنگ کی طرف دھکیل رہا ہے۔
نریندر مودی گجرات کے مسلمانوں کا قاتل ہے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ بھارت کے اندرونی حالات خراب ہو چکے ہیں۔ بھارت کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے معاملات بگاڑ رہا ہے۔ سرتاج عزیز سفارتی سطح پر معاملے کو اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج ہر قسم کی جارحیت سے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔ جوابی کارروائی میں بھارت کا ہم سے زیادہ نقصان ہو رہا ہے مگر بھارت اسے ظاہر نہیں کرتا۔