حافظ آباد (این این آئی)میونسپل کمیٹی حافظ آباد کی مخصوص نشستوں پر انتخابات کے بعد مسلم لیگ ن کے دو دھڑے کھل کر ایک دوسرے کے سامنے آگئے۔ مسلم لیگ ن کا ایم۔این۔ا ے گروپ جس کی قیادت سابق ایم۔این۔اے افضل حسین تارڑ ، وفاقی وزیر مملکت محترمہ سائرہ افضل تارڑ اور ایم۔این۔اے میاں شاہد بھٹی کررہے ہیں ۔وہ میونسپل کمیٹی حافظ آباد میں سابق ایم۔پی۔اے حاجی جمشید عباس تھیم کو چےئرمین بنانے کے لئے کوشاں ہے۔ جبکہ مسلم لیگ ن ایم۔پی۔ایز گروپ جس کی قیادت صوبائی پارلیمانی سیکرٹری چوہدر ی اسد اﷲارائیں ،
ایم۔پی ۔اے ملک فیاض احمد اعوان اور سابق ایم۔پی۔اے سید شعیب شاہ کررہے ہیں ۔وہ میونسپل کمیٹی حافظ آباد میں ملک فیاض احمد اعوان کے بھانجے ملک گل نواز پھول اعوان کو چےئرمین بنوانے کے لئے میدان میں اترے ہوئے ہیں۔مسلم لیگی قیادت نے مخصوص نشتوں کی تقسیم کرتے ہوئے ایم۔این۔اے گروپ کو پانچ اور ایم۔پی۔اے گروپ کو چار سیٹوں کے ٹکٹ دےئے تھے۔ لیکن ایم۔پی۔ایز گروپ نے ن لیگ کے ٹکٹ لئے بغیر اپنے امیدوار آذاد حیثیت میں کھڑے کئے ۔
جنھوں نے شیر کے نشان کی بجائے بوتل کے نشان پر الیکشن میں حصہ لیا۔ان انتخابات میں مسلم لیگ ن کا ایم۔پی۔ایز گروپ پانچ سیٹیں جیت گیا جبکہ مسلم لیگ ن کے ایم۔این۔اے گروپ کے حصہ میں چار سیٹیں آئیں۔ اس انتخاب کے بعد اب دونوں گروپوں نے مسلم لیگ ن کی قیادت کی جانب سے میونسپل کمیٹی حافظ آباد کی چےئرمین شپ کے لئے اپنے اپنے امیدوار کی نامزدگی کے لئے کوششتیں تیز کردی ہیں۔ جس کے بعد ن لیگ کے دونوں گروپوں کے مابین دوریاں بڑھتی چلی جارہی ہیں