کراچی (آئی این پی) ڈاکٹر عشرت العباد تو گورنر ہاؤس سے رخصت ہوگئے مگر ابھی تک ان کے اہل خانہ گورنر ہاؤس میں قیام پذیر ہیں جس کی وجہ سے نئے گورنر کی فیملی گورنر ہاؤس منتقل نہیں ہوسکی۔سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کو گورنر ہاؤس سے رخصت ہوئے ایک ہفتے سے اوپر ہوگیا۔وہ چودہ سال گورنر رہے۔ عہدے سے ہٹنے کے بعد 14 گھنٹے بھی ملک میں نہ ٹھہرے مگر ان کے اہل خانہ ابھی تک گورنر ہاؤس میں مکین ہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق یہی وجہ ہے کہ نئے گورنر جسٹس ریٹائرڈ سعید الزماں صدیقی اور ان کے اہل خانہ ابھی تک سرکاری رہائش گاہ میں منتقل نہیں ہوسکے۔ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ گورنر ہاؤس انتظامیہ نے جسٹس ریٹائرڈ سعید الزماں صدیقی کو گورنر ہاؤس کے مہمان خانے میں رہائش کی پیش کش کردی ہے۔یہی نہیں سابق گورنر سندھ کے قریبی عزیز فیروز اختر بھی کنٹرولر پرنٹنگ پریس کی رہائش گاہ پر قابض ہیں۔