لاہور (آن لائن) سی ٹی ڈی نے صوبائی دارالحکومت لاہور میں ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے داعش کے دہشت گردوں کا ایک گروہ گرفتار کرلیا۔ تھانہ سی ٹی ڈی لاہور نے گروہ میں ملوث 8دہشت گردوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ گروہ کے سرغنہ نبیل ابی عبداللہ کے بارے میں سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ اس کا تعلق لاہور سے ہے جو لاہور سے لوگوں کو جہاد کے نام پر شام اور افغانستان بھجواتا تھا سی ٹی ڈی کے مطابق گروہ کا ایک سرکردہ رہنما شام میں موجود ہے جو سوشل میڈیا پر لوگوں کو ورغلا کر انہیں جہاد کرنے کو ترغیب دیتا تھا۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ گرفتار سرغنہ نبیل ابی عبداللہ اب تک کئی لوگوں کوشام اور افغانستان بھجواچکا ے۔ سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ وہ اس گروہ کی گزشتہ تین ماہ سے ریکی کررہے تھے جن کے بارے میں مکمل تصدیق کرنے کے بعد انہیں آج گرفتار کرلیا گیا اور اگر ان دہشت گردوں کو گرفتار نہ کیا جاتا تو انہیں آج کسی بھی وقت شام اور افغانستان کے لئے بھجوادیا جاتا تھا۔