اسلام آباد (این این آئی) اسلامی نظریاتی کونسل کے اجلاس میں منگنی کے وقت نکاح کو شرح طلاق میں اضافے کی وجہ قرار دیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ قرآن پاک، درخت وغیرہ سے شادی غیرشرعی ہے لہٰذا اسے قانوناً روکا جائے۔ اسلامی نظریاتی کونسل کااجلاس دو سرے روز بدھ کو بھی جاری رہا
اس موقع پر چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل مولانا محمد خان شیرانی نے کہا کہ منگنی اور نکاح کے درمیان وقفے سے نکاح ٹوٹنے کے خدشات کم ہوں گے، اس دوران لڑکا لڑکی کے بارے میں درست معلومات مل سکتی ہیں۔ ڈاکٹر سمیعہ راحیل قاضی نے کہا کہ پشتون معاشرے سے آواز لگا کر رشتہ لینے جیسی رسومات کا بھی خاتمہ ہونا چاہئے۔علامہ افتخار حسین نقوی نے کہا کہ ولی کو بچی کے نکاح کا حق حاصل ہے اگر وہ ظلم کرے تو اس کا یہ حق ساقط ہو جائے گا، حتمی اختیار بچی کو حاصل ہے۔ جسٹس منظور حسین گیلانی نے کہا کہ آزاد کشمیر میں رائج نومولود بچی کی نسبت دینے کا رواج بھی ختم ہونا چاہئے۔