اسلام آباد (این این آئی)وزارت داخلہ نے بعض اخبارات میں شائع ہونے والی خبروں کے حوالہ سے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ من گھڑت خبر کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی نے بریفنگ کے دوران وزیر داخلہ سے کہا تھا کہ روزنامہ ڈان کے ایڈیٹر اور سٹافر کو اپنے بیانات ریکارڈ کرانے کیلئے کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کیلئے کہا جائے۔
ترجمان نے یہ بھی واضح کیا کہ وزیر داخلہ نے اپنی پریس کانفرنس کے دوران کسی بھی نکتہ پر نیوز سٹوری کیلئے ڈان کو تنقید کا نشانہ نہیں بنایا۔ ترجمان وزارت داخلہ نے کہا کہ جھوٹی خبر کی تحقیق پر وزیر داخلہ کا بیان حکومت کے موقف کے عین مطابق تھا۔ وزارت نے ذرائع ابلاغ کے ایک شعبہ سے کہا گیا ہے کہ وہ وزیر داخلہ کے الفاظ کو اپنے طریقہ سے بیان کرنے سے گریز کرے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ قومی اہمیت کے اس مسئلہ پر بے پر کی اڑانے اور مفروضوں پر مبنی تجزیے کرنے سے جاری تحقیقات پر منفی اثر پڑے گا۔ ترجمان نے معاملہ کی تحقیقات مکمل ہونے تک تمام میڈیا ہاؤسز اور اداروں کو صحافت اور رپورٹنگ کے بین الاقوامی ضابطوں کی پیروی کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔