کراچی (این این آئی )سندھ ہائی کورٹ نے100 سے زائد بچوں کی اسمگلنگ کیس میں وفاقی وزارت داخلہ کو ملزم ڈینئیل چارلس کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کا حکم دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو سندھ ہائی کورٹ میں100 سے زائد بچوں کی اسمگلنگ کیس کی سماعت ہوئی دوران سماعت عدالتی احکامات کے باوجود ملزم کو اب تک گرفتار نہ کرنے پر عدالت نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔عدالت نے اپنے ریماکس میں کہا کہ اگر ملزم کے ریڈ وارنٹ جاری نہ کئے گئے تو وفاقی سیکرٹری داخلہ خود عدالت میں پیش ہونگے ۔
سیکریٹری داخلہ کی عدم حاضری پران کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے گی۔بعدازاں عدالت نے ملزم کو بیرون ملک فرار ہونے میں مدد فراہم کرنے والے سب انسپکٹر غلام محمد کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج ، محکمہ جاتی کارروائی کرنے اور ملزم ڈینئیل چارلس کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی ہے۔
واضح رہے کہ ملزم کو گلشن اقبال پولیس نے انسانی اسمگلنگ کیس میں گرفتار کیا تھا جسے 2002 میں ایف آئی اے نے اپنی تحویل میں لیاتھا۔بعد ازاں ملزم ضمانت حاصل کرنے کے بعد پولیس اور ایف آئی اے کی ملی بھگت سے بیرون ملک فرار ہوگیا۔