کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) گورنر سندھ عشرت العباد کو ہٹانے جانے سے ایم کیو ایم پاکستان کو زبردست دھچکا لگا ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے استعفیٰ طلب کرنے اور جسٹس (ر) سعید الزمان صدیقی کو نیا گورنر بنائے جانے کی خبروں سے ایم کیو ایم پاکستان کو زبردست دھچکا لگا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ ایم کیو ایم پاکستان کی درپردہ سپورٹ کررہے تھے۔ اس کے علاوہ میڈیا میں الطاف حسین اور سابق صدر پرویز مشرف کی شکر گذاری بھی گورنر سندھ کو مہنگی پڑگئی۔ ذرائع نے بتایا کہ پی ایس پی کے سربراہ مصطفی کمال کے الزامات نے 13 سال گیارہ مہینے سے عہدہ پر فائز عشرت العباد کی کرسی کو ہلا کر رکھ دیا ۔گورنرسندھ کے الطاف حسین سے خفیہ رابطوں کے مصطفی کمال کے الزامات نے بھی اعلی سطح پر ہلچل مچائی۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ گورنر سندھ کے ہی مشورے سے ایم کیو ایم کے رہنما خواجہ اظہار دبئی میں پرویز مشرف سے ملے اور ایم کیو ایم کی رہنمائی کی درخواست کی۔ پرویز مشرف سے رابطے کے بعد وفاقی حکومت نہ صرف ایم کیو ایم پاکستان بلکہ گورنر سندھ سے بھی شدید ناراض ہے۔