اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نعیم الحق نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) عوام کو دکھانے کیلئے عدالت تو جاتی ہے مگر پھر تاریخوں اور منتوں اور ترلوں کے ذریعے سماعت سے بچنے کی کوشش کرتی ہے،الیکشن کمیشن کی جانب سے چیئرمین تحریک انصاف کیخلاف دائر درخواست نون لیگ کیلئے بڑا دھچکا ہے۔
منگل کو نعیم الحق نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ نون لیگ نے کرائے کے درخواست گزار کے ذریعے عمران خان کے احتساب کی ایک بھونڈی کوشش کی ہے اور حکومتی ایماء پر دائر کردہ یہ فرمائشی درخواست کمیشن کو متفقہ طور پر ردی کی ٹوکری کی میں پھینکنا پڑی۔ان کا کہنا تھا کہ نون لیگ جس بھی قانونی فورم پر جائے گی مایوسی اور شرمندگی کے علاوہ کچھ ہاتھ نہیں آئے گا۔سیاسی و قانونی بلیک میلنگ کا کوئی بھی حربہ کارگر ثابت نہیں ہو گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ وزیر اعظم اور انکے خاندان کو رسیدیں بھی دکھانا ہوں گی اور تلاشی بھی دینی پڑے گی۔