راولپنڈی (این این آئی)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ و رکن قومی اسمبلی شیخ رشید کیخلاف کار سرکار میں مداخلت اور سیکورٹی ایجنسیوں کے اہلکاروں کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کے الزامات کے تحت اندراج مقدمہ کیلئے مقامی عدالت میں 22 اے کی درخواست دائر کردی گئی،مقدمہ کی سماعت 8 نومبر کو ہوگی۔
مسلم لیگ (ن) لائرز فورم کے راہنما حاجی بشارت محمود راجہ ایڈوکیٹ نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کیخلاف 28 اکتوبر کو کمیٹی چوک میں ورکروں کو سیکورٹی ایجنسیوں کیخلاف اکسانے اور سرکاری اہلکاروں کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کے الزامات کے تحت اندراج مقدمہ کیلئے سی پی او راولپنڈی کو درخواست دی جس پر کوئی کارروائی نہ ہوئی تو مقامی عدالت میں 22 اے کی درخواست دائر کی گئی جس میں سی پی او راولپنڈی اور ایس ایچ اووارث خان کو فریق بنایا گیا ہے۔ مقامی ایڈیشنل سیشن جج راولپنڈی چوہدری باسط علیم نے نوٹس جاری کرتے ہوئے سی پی او اور ایس ایچ او سے جواب طلب کرلیا ہے اور مذید سماعت8 نومبر تک ملتوی کردی۔