اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) نے اپوزیشن کوچیلنج کیا ہے کہ وہ عمران خان کے جھوٹے الزامات کا جواب دینے کے لئے تیار ہیں، تمام شکست خوردہ لوگ عدالت میں مائنس ون کی کوشش کر رہے ہیں ، وزیراعظم کیس سے گرین چٹ لے کر نکلیں گے ۔ مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے سپریم کورٹ کے باہر مخالفین پر کڑی تنقید کی ۔
میڈیا سے گفتگو میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ پی ٹی آئی ہمیشہ ثبوت فراہم کرنے میں ناکام رہی ۔ مسلم لیگ (ن)کے رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری نے بھی تحریک انصاف کو آڑھے ہاتھوں لیا، انہوں نے کہا کہ تمام شکست خوردہ لوگ عدالت میں مائنس ون کی کوشش کر رہے ہیں، وہ احتساب نہیں انتقام چاہتے ہیں، ہم پر الزام وہ لگارہے ہیں جن کی اپنی آف شور کمپنیاں ہیں ۔
وزیرمملکت برائے کیڈ طارق فضل چوہدری نے پی ٹی آئی کو سڑکوں اور ٹی وی کی عدالت سے اجتناب کرنے کا مشورہ دیا،انہوں نے کہا کہ مخالفین کے تمام الزمات پہلے بھی مسترد ہوئے آئندہ بھی ہوں گے ۔ لیگی رہنمائوں نے کہا کہ نواز شریف کو ایٹمی دھماکوں پر سزا دی گئی اب سی پیک پر دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔