اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ(ن) اور تحریک انصاف کے سابق مرکزی رہنماء جاوید ہاشمی کے قریبی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی مسلم لیگ(ن) میں باضابطہ شمولیت کا اعلان کرنے والے ہیں اور 9 نومبر کا دن اس حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ جاوید ہاشمی کے قریبی ذرائع کے مطابق یہ اعلان 18 اکتوبر کو ہونا تھا لیکن اب 9 نومبر کو یہ اعلان کیا جائے گا۔ موقر قومی اخبار
کی رپورٹ کے مطابق پاکستان مسلم لیگ(ن) کے کئی اہم رہنماء ’’باغی‘‘ سے ہمہ وقت رابطے میں ہیں۔ مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کے بعد جاوید ہاشمی کو سینیٹ الیکشن میں ٹکٹ دیئے جانے کا امکان بھی ہے اور پارٹی میں انہیں کوئی اہم عہدہ دینے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ اخبار کے مطابق جاوید ہاشمی کی (ن) لیگ میں شمولیت کی ایک دھڑے کی جانب سے مخالفت بھی سامنے آئی ہے تاہم مرکزی قیادت نے باغی کو واپس لانے کا فیصلہ کر لیا ہے اور سب کو یہ قبول کرنا ہوگا۔