منگل‬‮ ، 24 دسمبر‬‮ 2024 

عوام نے دھرنا گروپ سے لا تعلق ہو کر مسترد شدہ عناصر کے عزائم کو خاک میں ملا دیا،شہبازشریف

datetime 3  ‬‮نومبر‬‮  2016
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور(نیوزرپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے آج یہاں جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور اورملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کامیابی افراتفری پھیلانے سے نہیں بلکہ عوام کی خلوص نیت سے خدمت کرنے سے ملتی ہے ۔ ملک کی ترقی،استحکام اور قومی مفادات کو ہر حال میں ذاتی مفادات پر ترجیح دینی چاہیے ۔عوام نے دھرنا گروپ سے لا تعلق ہو کر مسترد شدہ عناصر کے عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اربوں روپے کے میگا پراجیکٹس کی تکمیل سے عوام کی تقدیر بدلنے جا رہی ہے ۔

چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا ضامن ہے ۔سی پیک پر تیزرفتاری سے عملدرآمد سے دوست خوش اور عوام کی ترقی کے مخالفین کو تکلیف ہو رہی ہے ۔ منفی سیاست کے علمبردار پاکستان کی ترقی اور خوشحالی نہیں چاہتے۔ ملک کے روشن مستقبل کی نوید سی پیک کو نقصان پہنچانا کسی طور پر عوام کی خیر خواہی نہیں ۔ پاکستان ہم سب کا ہے اور ہمیں اجتماعی سوچ کے ساتھ اسے آگے لیکر جانا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مشترکہ بصیرت سے کئے جانیوالے اجتماعی فیصلوں کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔سیاسی و عسکری قیادت اور عوام نے ملکر دہشت گردی کے ناسور کو نکیل ڈال دی ہے۔انہوں نے کہا کہ معاشرے میں اخوت ،بھائی چارے ، تحمل اور رواداری کے جذبات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے سیاسی قوتوں کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ انتشار کی سیاست پاکستان کی ترقی اورعوام کی خوشحالی کیلئے زہر قاتل ہے۔ 2014ء کے بلا جواز دھرنوں سے قومی معیشت کو بڑا دھچکا لگاتھا۔ذاتی مفادات کی خاطر قومی معیشت کو نقصان پہنچانا 20 کروڑ عوام کے ساتھ ظلم ہے۔ احتجاجی عناصر کے غیر جمہوری رویوں سے سی پیک کے منصوبے بھی تاخیر کا شکار ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ باشعور عوام جان چکے ہیں کہ افراتفری کی سیاست کرنیوالے ملک میں اندھیروں کا راج چاہتے ہیں ۔ اس موقع پر ایم این اے حافظ عبدالکریم اور امیر بیت المال سلمان منگلا بھی موجود تھے۔

’’خادم پنجاب سکولز پروگرام‘‘ کے تحت 10 ہزار سے زائد اضافی کمروں کی تعمیر کا پروگرام تشکیل دیا گیا ہے جس کا آغاز جنوبی پنجاب کے سکولوں میں اضافی کمروں کی تعمیر سے کیا جائے گا۔ پروگرام پر مرحلہ وار عملدرآمد ہوگا اور اس پروگرام سے طلبا و طالبات کو مزید بہتر تعلیمی سہولتیں میسر آئیں گی اور وہ بہترین تعلیمی ماحول میں زیادہ دلجمعی سے حصول تعلیم کی طرف راغب ہوں گے۔ وہ آج یہاں ’’خادم پنجاب سکولز پروگرام‘‘ کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں پروگرام کے مختلف امو رپر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور اضافی کمروں کے ڈیزائن کی باقاعدہ منظوری دی گئی۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مستقبل قوم کے نونہالوں کی بہترین تعلیم و تربیت اور انہیں جدید علوم سے آراستہ کرنے سے جڑا ہے اور اسی مقصد کیلئے حکومت پنجاب صوبے میں تعلیمی پروگرام کی بہتری کیلئے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’خادم پنجاب سکولز پروگرام‘‘ قوم کے وسائل قوم کے نونہالوں پر صرف کرنے کی شاندارمثال ہے اور یہ پروگرام بھی شفافیت اور معیار کے اعتبار سے دیگر منصوبو ں کی طرح اپنی مثال آپ ہوگا۔ انہو ں نے کہا کہ کام کے معیار اور رفتار کو یقینی بنانے کیلئے ضلع اور ڈویژن کی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی جا رہی ہیں جو اس پروگرام کے تحت تعمیر ہونے والے اضافی کمروں کے معیار اور کام کے رفتار کی مانیٹرنگ کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ سکولوں میں جہاں اضافی کمرے تعمیر کئے جائیں گے وہاں عدم دستیاب سہولتوں کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سکولوں میں عدم دستیاب سہولتوں کی فراہمی کیلئے پہلے ہی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور اس مقصد کیلئے اربوں روپے مختص کئے گئے ہیں۔ سیکرٹری تعمیرات و مواصلاحات نے ’’خادم پنجاب سکولز پروگرام‘‘ کے امور پر ہونے والی پیش رفت پر بریفنگ دی۔ صوبائی وزراء رانا مشہو داحمد، تنویر اسلم ملک، عائشہ غوث پاشا، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے جمعرات کے روز لاہور میں تعینات امریکی قونصل جنرل یوری فیڈ کیو (Mr.Yuriy Fedkiw)نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک امریکہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے امریکی قونصل جنرل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے مابین اچھے دوستانہ تعلقات ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے گزشتہ ساڑھے تین برس کے دوران کئی شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں اور معاشی پالیسیوں کی بنا پر آج پاکستان کا شمار دنیا کی ابھرتی ہوئی معیشتوں میں ہو رہا ہے اور زرمبادلہ کے ذخائر ریکارڈ سطح پر پہنچ چکے ہیں۔ توانائی سمیت مختلف منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے جن کی تکمیل کے ثمرات جلد عوام تک پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا پاکستان 2013 کے مقابلے میں محفوظ، پرامن، خوشحال اور ترقی یافتہ ہے۔

دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پوری قوم متحد ہے اور افواج پاکستان،عوام اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں ۔ انہو ں نے اس امید کا اظہار کیا کہ آنے دنوں میں پاک امریکہ تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہوگااوران میں مزید بہتری آئے گی۔ امریکی قونصل جنرل یوری فیڈ کیو نے وزیراعلیٰ شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب کے مختلف شعبوں میں ترقیاتی کاموں کی تیزی سے تکمیل کو سراہا اور پنجاب میں چائلڈ لیبر کے خاتمے اوربھٹہ مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کیلئے کیے جانے والے اقدامات کی تعریف کی۔

دریں اثناؤزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے معروف پروڈیوسر یاور حیات کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے ۔ وزیر اعلی نے سوگوار خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔وزیر اعلی نے کہا ہے کہ یاور حیات نے ٹیلی ویژن کے لئے یاد گار ڈرامے تخلیق کئے ہیں اوران کے کے تخلیق کردہ ڈرامے آج بھی مقبول ہیں ۔یاور حیات کی ٹی وی ڈراموں کو عروج دینے کے لئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔وزیر اعلی نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔اسی طرح وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہباز شریف نے کراچی کے علاقے لانڈھی میں ٹرین کے افسوسناک حادثے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے اور زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔

موضوعات:



کالم



طفیلی پودے‘ یتیم کیڑے


وہ 965ء میں پیدا ہوا‘ بصرہ علم اور ادب کا گہوارہ…

پاور آف ٹنگ

نیو یارک کی 33 ویں سٹریٹ پر چلتے چلتے مجھے ایک…

فری کوچنگ سنٹر

وہ مجھے باہر تک چھوڑنے آیا اور رخصت کرنے سے پہلے…

ہندوستان کا ایک پھیرا لگوا دیں

شاہ جہاں چوتھا مغل بادشاہ تھا‘ ہندوستان کی تاریخ…

شام میں کیا ہو رہا ہے؟

شام میں بشار الاسد کی حکومت کیوں ختم ہوئی؟ اس…

چھوٹی چھوٹی باتیں

اسلام آباد کے سیکٹر ایف ٹین میں فلیٹس کا ایک ٹاور…

26نومبر کی رات کیا ہوا؟

جنڈولہ ضلع ٹانک کی تحصیل ہے‘ 2007ء میں طالبان نے…

بے چارہ گنڈا پور

علی امین گنڈا پور کے ساتھ وہی سلوک ہو رہا ہے جو…

پیلا رنگ

ہم کمرے میں بیس لوگ تھے اور ہم سب حالات کا رونا…

ایک ہی بار

میں اسلام آباد میں ڈی چوک سے تین کلومیٹر کے فاصلے…

شیطان کے ایجنٹ

’’شادی کے 32 سال بعد ہم میاں بیوی کا پہلا جھگڑا…