لاہور (آئی این پی) لاہور پولیس نے شہریوں کی سہولت اور کریمنل ریکارڈ یافتہ گھریلو ملازمین کو پکڑنے کے لیے روپ سافٹ وئیر متعارف کرا دیا، شہری دفاتر اور گھریلو ملازمین کا کریمنل ریکارڈ حاصل کر سکیں گے۔ بتایا گیا ہے کہ لا ہور پولیس نے شہریوں کی سہولت کے پیش نظر روپ سوفٹ ویئر متعارف کرا دیا جس کی مدد سے شہری اب دفاتر اور گھریلو ملازمین کا کریمنل ریکارڈ حاصل کرسکیں گیلاہور پولیس نے تمام تھانوں کے فرنٹ ڈیسک پر سافٹ ویئر کی سہولت مہیا کردی۔ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف کا کہنا ہے کہ سافٹ ویئر میں 500 سے زائد گھریلو اور دفاتر ملازمین کے ریکارڈ کا اندراج کر لیا گیا جبکہ اس سافٹ ویئر کو سی آر او کے ریکارڈ سے منسلک کیا گیا۔ڈی آئی جی آپریشنز کا مزید کہنا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پرعملدرآمد اور شہریوں کی سہولت کیلئے سافٹ ویئر متعارف کرایا گیا ہے جبکہ ملازمین کو رکھنے سے پہلے ریکارڈ چیک کر کے وارداتوں سے بچا جاسکتا ہے۔