لاہور(نیوزرپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت آج یہاں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہو ا۔جس میں پنجاب میں لگنے والے 3600میگاواٹ کے گیس پاور منصوبوں کیلئے گیس کی فراہمی کے امور پر پیشرفت کاجائزہ لیاگیا۔اجلاس میں گیس سے چلنے والے بجلی کے کارخانوں کیلئے گیس کی فراہمی کے امور پر پیشرفت پر اطمینان کا اظہارکیا گیا۔وزیر اعلی شہباز شریف نے اجلاس خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں گیس کی بنیاد پر 3600 میگا واٹ کے منصوبے لگائے جا رہے ہیں اور ان 3600 میگا واٹ کے گیس پارو منصوبوں کی تکمیل سے لوڈ شیڈنگ بہت حد تک ختم ہو گی اورگیس پاور منصوبے مکمل ہونے سے صارفین کو بجلی سستی ملے گی۔انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں میں قومی وسائل کے 110 ارب روپے بچائے گئے ہیں ۔تینوں منصوبوں کو تیز رفتاری او راعلی معیار کے ساتھ مکمل کیا جا رہا ہے ۔ وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ گیس پاور منصوبوں کے لئے گیس کی فراہمی کے تمام کام تیزی سے مکمل کئے جار ہے ہیں اور ان منصوبوں کے لئے ترجیحی بنیادو ں پر گیس کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی،وفاقی سیکرٹری پٹرولیم،وفاقی سیکرٹری پانی و بجلی،ایڈیشنل چیف سیکرٹری توانائی، سیکرٹری توانائی،ایم ڈی سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ ،ایم ڈی سوئی سدرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔