کراچی (این این آئی) لائن آف کنٹرول پر بھارت کی جانب سے اشتعال انگیزی او ر مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر مظالم کے خلاف کراچی کے مختلف علاقوں سے بنگالی افرا د نے اتوار کو ریلی نکالی جو کراچی پریس کلب پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی ۔ ریلی کے شرکاء نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف نعرے بازی کی او ر بھارتی ترنگا بھی نذر آتش کیا۔اس موقع پر شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز ، پلے کارڈز اور قومی پرچم اٹھا رکھے تھے ۔ریلی کے شرکاء کا کہنا تھا کہ بھارت لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیزی اور مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر مظالم بند کرے ،آزادی کے لے جدو جہد کرنا کشمیری عوام کا بنیادی حق ہے ،طاقت کے زور پر آزادی کی تحریک کو نہیں دبایا جاسکتا،بھارت کشمیریوں کے اس حق کو تسلیم کرے ۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ ہم اس خطہ میں امن کے خواہ ہیں لیکن بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیزی پر خاموش نہیں رہا جاسکتا، پاکستان میں مقیم بنگالی افراد محب وطن ہیں اور افواج پاکستان کے ساتھ ہیں ، اگر بھارت نے جنگی اقدام اٹھا یا تو بنگالی کمیونٹی ملکی دفاع میں فوج کا بھر پور ساتھ دیں گے ۔