اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ہندوستانی فورسز کے زیر حراست جموں کشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) کے سربراہ یاسین ملک کی طبیعت بگڑ گئی جس کے بعد انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ(آئی سی یو) منتقل کردیا گیا۔خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ یاسین ملک کی طبیت بہت زیادہ خراب تھی جس کی وجہ سے انہیں آئی سی یو منتقل کیا گیا تاہم اب طبیعت میں کچھ بہتری آئی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یاسین ملک کو ہفتے کے روز ناسازی طبع کی وجہ سے سری نگر کے میڈیکل انسٹیٹیوٹ منتقل کیا گیا تھا۔خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ یاسین ملک کے بائیں بازو نے کام کرنا بند کردیا ہے۔ذرائع کے مطابق حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک یہ خبر سن کر بے ہوش ہوگئی تھیں جنہیں بعد ازاں طبی امداد دی گئی۔جے کے ایل ایف کے ترجمان نے بتایا کہ ’یاسین ملک کے کئی میڈیکل ٹیسٹ ہوئے ہیں جس کے بعد معلوم ہوا کہ انہیں سنگین انفیکشن کا سامنا ہے جس کے لیے ڈاکٹرز نے سرجری کی تجویز دی اور پھر انہیں سورا میڈیکل انسٹیٹوٹ کے آئی سی یو میں شفٹ کردیا گیا‘۔یاسین ملک کے اہل خانہ نے قبل ازیں یہ کہا تھا کہ بھارتی فورسز انہیں علاج کی سہولت فراہم نہیں کررہی۔ان کا کہنا ہے کہ ’یاسین ملک چلنے پھرنے اور ٹھیک طرح سے بیٹھنے سے بھی قاصر ہیں اور دن بہ دن ان کی حالت مزید خراب ہورہی ہے‘۔