اسلام آباد (آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی جنرل سیکرٹری جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ نواز شریف کے خلاف کسی عدالت فیصلے کی ضرورت نہیں ۔ تعجب ہے عدالتوں پر یلغار کرنے والے عدالتی فیصلے کے انتظار کا کہتے ہیں ۔ دو نومبر کو اسٹیٹس کو قوتوں کے آگے مضبوط بند باندھ دیں گے ۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کے روز اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے راہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس کا ہر صفحہ نواز شریف کے کارناموں سے بھرا پڑا ہے نواز شریف کے جرائم دستاویز کے ساتھ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں پانامہ لیکس کے ہوتے ہوئے نواز شریف کے خلاف کسی عدالتی فیصلے کی ضرورت نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شواہد کے باوجود نیب ، ایف آئی اے اور دیگر ادارے کیوں مفلوج رہے ۔ نواز شریف اور شریف فیملی کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کرتے ۔ عدالتی فیصلوں کے باوجود نواز شریف نے ممنوعہ علاقے میں شوگرز مل لگائیں انہوں نے کہا کہ تعجب ہے عدالتوں پر یلغار کرنے والی (ن) لیگ ہمیں عدالتی فیصلے کے انتظار کا کہتی ہے دو نومبر کو پی ٹی آئی کا دھرنا دے کر اسٹیٹس کو قوتوں کے آگے مضبوط بند باندھ دیں گے۔