کراچی(این این آئی) پیپلزپارٹی کی ریلی میں استقبال کے لیے لگائے گئے کیمپوں میں کنڈے لگا کر بجلی چوری کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے جب کہ بلاول ہاؤس چورنگی کے اطراف سرگرم جیب کترے ریلی کے شرکا سمیت کئی صحافیوں کے موبائل فونز اور نقدی لے اڑے۔پیپلز پارٹی کی جانب سے اتوارکو سانحہ کارساز کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے سلام شہدا ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹوزرداری نے کی،تاہم ریلی کے استقبال کے لیے لگائے گئے کیمپوں میں کنڈے لگا کر بجلی چوری کی جارہی ہے، استقبالیہ کیمپوں میں لگائے گئے سانڈ سسٹم کے لیے کنڈے کی بجلی استعمال کی گئی۔ریلی میں جہاں جیالے جوشیلے انداز میں پارٹی ترانوں پر جھوم رہے ہیں وہیں ریلی میں جیب کترے بھی سرگرم رہے، بلاول ہاؤس چورنگی کے اطراف سرگرم جیب کترے ریلی کے شرکا سمیت کئی صحافیوں کے موبائل فونز اور نقدی لے اڑے جب کہ بلاول ہاؤس چورنگی پر ریلی انتظامیہ کی جانب سے اعلانات بھی کیئے گئے کہ شرکا اپنے سامان کی حفاظت کریں اور جیب کتروں سے ہوشیار رہیں۔دوسری جانب پولیس نے بلاول چورنگی سے ایک مشکوک شخص کو بھی حراست میں لے لیا ہے۔ ایس ایس پی ساؤتھ ثاقب اسماعیل میمن کے مطابق مشکوک شخص بلاول چورنگی پر مشکوک انداز میں وڈیو بنارہا تھا۔