کراچی(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما ایم این اے ڈاکٹر شاہدہ رحمانی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کراچی میں بڑی سیاسی قوت بن کر ابھررہی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کی حقیقی نمائندہ جماعت ہے، ہم پیپلز پارٹی میں نئے شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ وہ ہفتہ کو یہاں پی پی پی میڈیا سیل سندھ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہی تھیں۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ ن سندھ کے نائب صدر اور کراچی کے ایڈیشنل جنرل سیکریٹری و سابق نائب ناظم سیف اللہ خان نے اپنے درجنوں ساتھیوں سمیت مسلم لیگ کی رکنیت سے مستعفی ہوکر پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زراری کی قیادت پر اپنے غیر مکمل اعتماد کااظہار کیا۔ سیف اللہ خان کے ساتھ پارٹی میں شامل ہونے والوں میں نمایاں سید محبوب شاہ نائب صدر کراچی، مریم خان لودھی، قاضی محمد علی، محمد شفیق جاوید قریشی، کاشف خان، امداد علی چوہان، محمد اقبال، قاری سید محی الدین، جاوید فیاض خان، صلاح الدین بھائی، محمد فاروق، نوشاد عالم، ساجد احمد اور خواتین بھی شامل ہیں۔ سینیٹر سعید غنی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مختلف پارٹیوں کے لوگوں کو پی پی میں خوش آمدید کہا اور کہا کہ سیاسی کارکنوں کے پارٹی میں شامل ہونے سے پیپلز پارٹی کو تقویت حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ 16اکتوبر کی ریلی تاریخ ساز ہوگی ریلی کے بعد کراچی سے کئی اہم شخصیات پیپلز پارٹی میں شامل ہونگی۔ بلاول بھٹو زرداری 16اکتوبر کو کراچی کے عوام کیلئے اہم اعلانات بھی کریں گے۔ پریس کانفرنس سے راشد ربانی اور وقار مہدی نے بھی خطاب کیا۔